نئی دہلی،08/ نومبر (آئی این ایس انڈیا) آرین خان سے متعلق کروز ڈرگز کیس میں این سی بی افسر سمیر وانکھیڑے پر سنسنی خیز الزامات لگانے والے مہاراشٹر کے وزیر نواب ملک نے اب وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی کے 5 سال مکمل ہو گئے، نہ کالا دھن واپس آیا اور نہ ہی کرپشن کم ہوا۔ ملک ان دنوں سمیر وانکھیڑے کے بارے میں انکشاف کی وجہ سے سرخیوں میں ہیں۔این سی پی لیڈر اور وزیر نواب ملک نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ آج نوٹ بندی کے 5 سال پورے ہوگئے، نہ کالا دھن واپس آیا، نہ بدعنوانی کم ہوئی اور نہ ہی دہشت گردی بند ہوئی، مودی جی نے 3 مہینے مانگے تھے، اب وہ بتادیں کہ ہمیں کس چوراہے پر آنا ہے؟نواب ملک کروز ڈرگز کیس اور اس میں آرین خان کی گرفتاری کے حوالے سے روز نئے انکشافات کر رہے ہیں۔ ملک نے این سی بی ممبئی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔ انہوں نے اتوار کو الزام لگایا کہ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کو وصولی کے لیے اغوا کیا گیا تھا۔ملک نے سمیر وانکھیڑے، ممبئی کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے ریجنل ڈائریکٹر پر بھی اغوا کی سازش کا حصہ ہونے کا الزام لگایا۔ یہ بھی کہا کہ یہ سازش بی جے پی لیڈر موہت کمبوج نے رچی تھی۔